کراچی: اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب اسکول وین میں آگ لگنے سے 14 بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔
اورنگی ٹاؤن میں واقع قطر اسپتال کے قریب اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث وین میں سوار تمام بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔ جنہیں قریبی موجود قطر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وین میں آگ لگنے کی وجہ سے پانچ بچے زیادہ متاثر ہوئے جنہیں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ قطر اسپتال منتقل کیے گئے بچے معمولی زخمی تھے۔
عینی شاہد کے مطابق اسکول وین مٹی میں پھنس گئی تھی جسے بچے دھکا لگا رہے تھے کہ اچانک وین میں آگ لگ گئی۔ زخمی بچوں کو موقع پر موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت قطر اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق آگ سے متاثر ہونے والے تمام بچوں کی عمریں سات سے دس سال کے درمیان ہیں۔
ٹریفک پولیس کے اہلکار منظور حسین نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور حادثے کے بعد جلنے والی ہائی روف کو ٹریفک پولیس نے لفٹر کی مدد سے راستے سے ہٹا دیا ہے۔
عینی شاہد سید آصف نے ہم نیوز کو بتایا کہ گاڑی خراب ہونے پر دھکا لگایا اور سیلف مارنے پر آگ بھڑک گئی میں نے اور محلے کے لوگوں نے گاڑی کے شیشے توڑ کر بچوں کو باہر نکالا۔
سید آصف کا کہنا تھا کہ فائربریگیڈ کی گاڑی موقع پر نہیں پہنچی میں نے بچوں کو باہر نکال کر گھر سے پائپ لگاکر آگ بجھائی۔
وزیرٹرانسپورٹ اویس قادرشاہ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے دو دن میں واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ترجمان وزیرٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ جواسکول وین چلنے کے قابل نہیں اس کاپرمٹ منسوخ کیا جائے۔