اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری حکومت کے اولین سودن گننے کی بجائے اپنی سیاست کے آخری دن گننے پر توجہ دیں۔
جام شورو میں جلسے سے آصف علی زرداری کے خطاب کے رد عمل میں وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ہزاروں دن حکومت کر کے ملک و قوم کا بیڑہ غرق کرنے والے ہمارے سو دن گن رہے ہیں اور جب ان سے حساب مانگو تو ان کو جمہوریت یاد آ جاتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گاجریں نہ کھائیں ہوتیں تو آج ان کے پیٹ میں درد بھی نہ ہوتا یہ لوگ جتنے مرضی فلسفے بیان کریں ساری قوم جانتی ہے پیسہ کس نے لوٹا آج قوم پوچھتی ہے کہ آپ کو قوم کا پیسہ لوٹنے کا کس نے حق دیا ہے؟
وزیراطلاعات نے کہا آپ چاہتے ہیں کہ اداروں کی سربراہی بھی اپنے چمچوں کڑچھوں میں بانٹ دیں؟پاکستان تحریک انصاف ایسا ہرگز نہیں ہونے دیے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو کام ضیاالحق نہ کرسکا وہ کام زرداری نے کیا، پیپلز پارٹی کو قومی جماعت سے ایک علاقائی جماعت بنا دیا۔ انہوں نے اپنے رد عمل میں کہا کہ آصف زرداری نے پہلے بھی ایک بیان دیا تھا ،پھر تین سال دبئی میں سیروتفریح کرنی پڑی۔