ملک کی بہتر صورتحال نے بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کر دی، آرمی چیف


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ داخلی سلامتی کی بہتر صورتحال نے بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کر دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گاڈرا سیکٹر سندھ اور تھر کول پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ  کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی تھے۔

تھر کول آمد پر فوجی فرٹیلائزر کے ایم ڈی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طارق خان نے آرمی چیف کا استقبال کیا جب کہ آرمی چیف کو تھر کول منصوبے پر بریفنگ بھی دی گئی۔

آرمی چیف نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں اور عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار ہیں جب کہ ہم کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ائر ڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کو کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بیج لگانے کی تقریب میں ائر ڈیفنس کے افسروں اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جب کہ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ائر ڈیفنس کور کے کردار کو سراہا۔


متعلقہ خبریں