بھوبنیشور: ورلڈ کپ ہاکی 2018ء کے ناک آوٹ مرحلے میں پاکستان کو بیلجیم کے ہاتھوں شکست ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔
بھارت کے شہر بھوبنیشور میں کھیلے گئے پری کوارٹر میچ میں بیلجیم نے پاکستان کو 5-0 سے شکست دے دی۔ چار مرتبہ کا ورلڈ چمپئن پاکستان اس ورلڈ کپ میں ایک میچ بھی نہ جیت سکا۔ پاکستان نے ایونٹ میں مجموعی طور پر چار میچز کھیلے، تین میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔
بیلجیم نے کھیل کے آغاز سے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے پہلے کوارٹر میں دو گول اسکور کر دیے۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے برتری کم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی اور پہلا کوارٹر 0-2 سے بیلجیم کی برتری پر ختم ہوا۔
دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی، کھیل کے 27 ویں منٹ میں بیلجیم کے سیڈرک چارلیئر نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کی لیڈ 0-3 کردی۔
تیسرے کوارٹر میں بھی بیلجیم نے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا اور 35 ویں منٹ میں چوتھا گول کرکے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی۔
چوتھے کوارٹر میں بیلجیم نے پنالٹی اسٹروک پر 5واں گول کر کے کوارٹر فائنل میں باآسانی رسائی حاصل کر لی۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، میزبان بھارت اور جرمنی نے براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے۔
گزشتہ روز ناک آؤٹ مرحلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا جب کہ چین نے بھی فرانس کے ہاتھوں شکست کھا کر واپسی کا ٹکٹ کٹا لیا تھا۔