فیصل آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے وزیر خزانہ اسد عمرسے اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا۔
فیصل آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو ابھی صرف تین مہینے ہوئے ہیں اور لوگوں نے تنقید شروع کر دی ہے۔ تحریک انصاف عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی۔ جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا لیکن صوبہ ایک سیکنڈ میں نہیں بن سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قبل ازوقت انتخابات کی بات انٹرویومیں کیے گئے سوال کے تناظر میں تھی، اگر قبل از وقت انتخابات ہوئے بھی تو پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد سے آج تک پاکستان میں کوئی نیا صوبہ نہیں بنا، نیا صوبہ بنانے کے لیے جو بھی مسائل ہیں انہیں مل کر حل کریں گے۔ ہمارے اقدامات کے اثرات جلد نظر آئیں گے۔
