علاقائی بینچز کی تشکیل، پنجاب بار کونسل کا بھی ہڑتال کا اعلان

پنجاب بار کونسل نے صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب بار کونسل نے ہائی کورٹ کے بیچز کی تشکیل کیلئے  سات  روز تک مکمل عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔

پنجاب بار کونسل کے ممبر راناانتظار کا کہنا تھا کہ علاقائی بینچوں کا مسئلہ انتہائی اہم ہے۔ بار کونسل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج تین دسمبر سے  9 دسمبر تک صوبے بھر کی عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہیں ہوگا۔

سات روزہ ہڑتال کا اعلان سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال اور ڈی جی خان کے وکلا سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا ہے۔

بار کونسل کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، ڈی جی خان اور گوجرانوالہ میں علاقائی بینچز تشکیل دئیے جائیں۔

پنجاب بار کی کال پر سیالکوٹ میں بھی وکلا کی جانب سے ایک ہفتہ کے لیے عدالتوں کے بایئکاٹ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ صدر سیالکوٹ بار خواجہ عرفان  نے کہا ہے کہ وکلا سول اور سیشن کورٹس میں کسی بھی کیس کی سماعت کے لیے حاضر نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے مقامی بینچز کی تشکیل کیلئے چنیوٹ بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال 19ویں دن بھی جاری ہے۔ وکلا کےعدالتی بائیکاٹ کے سبب مقدمات تاخیر کا شکار ہیں اور سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گوجرانوالہ میں ہائیکورٹ بیچ کے قیام کیلئے وکلا کی ہڑتال 20 ویں روز بھی جاری ہے۔ وکلا نے تمام عدالتوں، ڈی سی آفس اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس کی تالا بندی کر رکھی ہے۔

وکلا نے کچہری روڈ کو رکاوٹیں لگا کر ٹریفک کے لیے مکمل بند کر دیا ہے اور سیشن کورٹ کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔
گوجرانوالہ بار کونسل کے صدر نور مرزا نے کہا ہے کہ آج وکلا کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔


متعلقہ خبریں