لیاقت آباد کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن


کراچی: شہرقائد میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے دوران لیاقت آباد اور شریف آباد میں پارک اور کرکٹ گراؤنڈ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ آپریشن کے دوران غیرقانونی پرندہ مارکیٹ کی 150 دکانیں بھی مسمار کردی گئیں۔

ہم نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر جاری آپریشن کا آغاز منگل کی صبح 11 بجے شریف آباد سے کیا گیا۔ انسداد تجاوزات مہم کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے کی۔

انتظامیہ کے افسران کو پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت و مدد حاصل تھی۔

ہم نیوز سے بات چیت میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ نے کہا کہ تین سے چار پارک ایسے ہیں جہاں کارروائی کی جارہی ہے۔

انسداد تجاوزات مہم کے دوران شریف آباد پارک کے اندر قائم جم، یو سی دفتر اور ایک مکان کو مسمار کردیا گیا۔ سرکاری حکام نے لیاقت آباد نمبر ایک پہ واقع پرندہ مارکیٹ کی 150 غیرقانونی دکانیں بھی توڑ دیں۔

سرکاری عملے نے لیاقت آباد ڈی ون ایریا میں واقع محمدی کرکٹ گراؤنڈ کے اندر موجود تجاوزات کا خاتمہ کیا جس کے بعد انتظامی مشینری نے فٹ پاتھوں پر بنائی گئیں تجاوزات بھی گرادیں۔

ہم نیوز کے مطابق غیرقانونی دکانوں اور پتھاروں کے بعد اب بڑی عمارات جن میں شاپنگ پلازے اور مارکیٹیں شامل ہیں، کو گرایا جائے گا جس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔


متعلقہ خبریں