جیوانی: سی جی کنسلٹنٹ گروپ کی سائٹ پر کام کرنے والے مزدوروں پرہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ مزدور جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گوادر کی تحصیل جیوانی کے علاقے گنز میں پیش آیا ہے۔ فائرنگ کی تصدیق سرکاری ذرائع نے بھی کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جیوانی کے علاقے گنز میں مسلح افراد نے ترقیاتی کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی جس سے پانچ مزدور موقع پر دم توڑ گئے اور دو زخمی ہوگئے۔
ہم نیوز کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ندیم احمد اور ہنزاللہٰ کا تعلق کراچی سے ہے جب کہ ارشاد علی سکھا اور محمد شاکر کا تعلق ملتان سے بتایا جاتا ہے۔ تاحال ایک مزدور کی سناخت نہیں ہوسکی ہے۔
زخمیوں میں شامل شمس اور رحیم کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں سے مزید علاج کے لیے انہیں کراچی منتقل کیا جائے گا۔