واشنگٹن: امریکا نے سیمی کنڈکٹر بنانے والی ایک سرکاری چینی کمپنی کو بغیر لائسینس کے برآمدات کرنے سے روک دیا۔
امریکی کامرس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ فوجیان جنھوا انٹیگریٹڈ سرکٹ کمپنی کی برآمدات پر پابندی لگانے کی وجہ ایسے معاملات میں ملوث ہونے کے خدشات ہیں جو کہ براہ راست امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
خلیجی میڈیا کے مطابق یہ قدم چین کے ساتھ جاری امریکی تجارتی جنگ کا پیش خیمہ ہے۔
کامرس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اس پابندی کے نتیجے میں چینی کمپنی امریکا سے کوئی سامان نہیں خرید سکے گی۔
امریکی کامرس سیکرٹری ولبر روس نے کہا ہے کہ اس قدم سے کمپنی کی ملٹری سسٹم سے متعلق سپلائی چین کو متاثر کرنے کی صلاحیت کو محدود کیا جاسکے گا۔
گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں ایک چپ میکر کمپنی مائیکران ٹیکنالوجی نے فوجیان جنھوا پر اس کی خفیہ تجارتی معلومات حاصل کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
اس کے جواب میں فوجیان جنھوا نے جنوری کے مہینے میں مائیکرون کے خلاف چینی عدالت میں مقدمہ کردیا تھا۔
فوجیان جنھوا چین کے صوبے فوجیان میں واقع ہے۔ یہ ادارہ 2016 میں حکومتی مالی امداد سے قائم کیا گیا تھا۔