لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ کوئی بھارتی باکسر ان کے سامنے نہیں ٹک سکتا۔
ان خیالات کا اظہار معروف باکسر نے لاہور میں سپر باکسنگ لیگ سے متعلق تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک کا کوئی باکسر انہیں ہرا نہیں سکتا، بھارت سے مقابلے کا چیلنچ ملا تو وہاں لڑنے ضرور جاؤں گا۔
انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ میں ہونے والی اپنی بین الاقوامی فائٹ کے بعد پاکستان میں باکسنگ لیگ کا انعقاد کرائیں گے۔
اس موقع پر عامر کا کہنا تھا کہ سپر باکسنگ لیگ دنیا کی پہلی اور منفرد پروفیشنل لیگ ہوگی۔
دریں اثنا بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر نے واہگہ بارڈر آمد کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’میں پاکستان کی خوب صورتی دیکھنے کے لیے آیا ہوں اور میری خواہش ہے کہ وزیرِ اعظم سے ملوں۔‘
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
عالمی باکسر نے بتایا باکسنگ لیگ کو مارچ تک ملتوی کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اس سے فرنچائزز کو اسپانسر کے لیے وقت مل جائے گا اور باکسرز کو بھی تیاری کرنے کا وقت ملے گا۔