زلفی بخاری کا ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیےعدالت سے رجوع


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکلوانے کے لیےعدالت سے رجوع کر لیا۔

زلفی بخاری کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پابندیوں سے ان کی ذات متاثر ہو رہی ہے لہذا ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ان کا پاسپورٹ واپس کیا جائے اور ان کے بیرون ملک سفر کرنے میں اداروں کی مداخلت کو ختم کیا جائے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے رواں سال اگست میں وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا تھا۔

سید ذوالفقارعباس بخاری جو ’زلفی بخاری‘ کے نام سے مشہور ہیں، پاکستان مسلم لیگ نون سے علیحدگی اختیارکرکے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہونے والے بزرگ سیاستدان اور ممتاز قانون دان سید ظفرعلی شاہ کے داماد ہیں۔

لندن میں مستقل بنیادوں پر رہائش رکھنے والے زلفی بخاری کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ذاتی اورانتہائی قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں۔

زلفی بخاری کا نام اس وقت بھی ذرائع ابلاغ میں شہ سرخیوں کے ساتھ شائع ہوا تھا جب عمران خان نجی پرواز سے عمرے کی ادائیگی کی خاطر سعودی عرب جارہے تھے تو وہ ان کے ہمسفر تھے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ذلفی بخاری کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی لیکن پھر ٹیلیفونک رابطے پر جانے کی اجازت ملی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کی مخالف سیاسی جماعتوں نے اس پر شورشرابہ بھی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں