انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 14 پیسے مہنگا

فوٹو: فائل


کراچی:انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کے روز کاروبار کے دوران ڈالر روپے کے مقابلے میں مزید 14 پیسے مہنگا ہوگیا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کی کمی ہوئی۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 14 پیسے اضافہ کے ساتھ 133.76 روپے سے بڑھ کر 133.90 روپے ہوگئی ہے۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق  اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 20 پیسے کمی کے ساتھ 134 روپے 50 پیسے ہو گئی۔

گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 38 پیسوں کی کمی  ہوئی تھی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر ایک روپے گر گئی تھی۔ بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 38 پیسوں کی کمی کے بعد 133 روپے 25 پیسے ہو گئی تھی۔

منگل کو  ڈالر انٹر بینک میں 12 روپے 75 پیسے مہنگا ہو کر137 روپے تک فروخت ہوا تھا تاہم مارکیٹ کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 133 روپے 64 پیسے رہی تھی۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ایک دن میں پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 900 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا تھا۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈالر کے مقابل روپے کی قدر گرا کر 145 روپے فی ڈالر کی سطح تک لایا جائے لیکن پاکستانی حکام کا موقف تھا کہ بیرونی اکاؤنٹ کے چیلنج سے نمٹنے کے لے اس مالیاتی سال کے آخر تک شرح تبادلہ 137 روپے فی ڈالر کافی رہے گی۔


متعلقہ خبریں