پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مبینہ طور پر اتائی کے غلط انجکشن سے 5 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق سندر کے علاقے میں 5 سالہ بچی کو کھانسی کی شکایت پر قریبی کلینک لے جایا گیا تھا۔ بچی کے والد نے الزام عائد کیا کہ کلینک میں موجود شخص نے غلط انجکشن لگایا جس کے بعد بچی کی حالت بگڑ گئی اور وہ دم توڑ گئی۔
واقعے کے بعد ملزم کلینک سے فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔اس حوالے سے ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب لاہور کی نشتر کالونی میں مبینہ زہریلا دودھ پینے سے 2 سالہ فیضان جاں بحق ہوگیا جب کہ اس کا بڑا بھائی 3سالہ زین تشویشناک حالت میں جنرل اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق بچوں کے والد نے مقامی دکان سے دودھ خریدا تھا اور دودھ میں زہریلے مادے کی آمیزش کا شبہ ظاہر کیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے دکاندار کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ملزم سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق دودھ میں زہریلے مادے کی موجودگی کا حتمی تعین طبی اور فرانزک رپورٹس کے بعد ہوگا

