پشاور: دہشت گردی کی کارروائی میں رنگ روڈ حیات آباد ٹول پلازے کے قریب بم دھماکہ ہوا ہے جس میں دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دہشت گرد رنگ روڈ سے گزرنے والی ایس پی کی گاڑی کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور اس میں تین کلو تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان توحید ذوالفقار نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال لایا گیا ہے، زخمیوں میں ایک سیکیورٹی فورس کا اہلکار بھی شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے دی گئی ہے، دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔