محمدحفیظ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے لیے دبئی طلب


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راونڈر محمد حفیظ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق محمد حفیظ جہنیں ابتدائی اسکواڈ میں جگہ نہیں ملی تھی، وہ پہلی دستیاب پرواز سے دبئی روانہ ہوں گے۔

اسکواڈ کے اعلان سے کچھ ہی دن قبل آل راوںڈر محمد حفیظ  نے لاہور میں جاری قائد اعظم ٹرافی میں پشاور کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی تھی اور اس سے پہلے ایک اننگ میں چھ وکٹں بھی حاصل کی تھیں۔

ان کی شاندار پرفارمنس اور ٹیم کی کمزور بیٹنگ لائن کو دیکھتے ہوئے امید کی جارہی تھی کہ انہیں پاکستانی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوا۔

پیر کی صبح سلیکشن کمیٹی نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے محمد حفیظ کا نام بھی اسکواڈ میں شامل کردیا ہے۔ اس اضافے کے بعد قومی ٹیم کا اسکواڈ 18 رکنی ہو جائے گا۔

محمد حفیظ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہیں بنا کوئی میچ کھلائے ایشیا کپ کے لیے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

کرکٹ کے حلقوں کا خیال ہے کہ مینیجمنٹ نے یہ فیصلہ سینٹرل کنٹریکٹ پر حفیظ کے متنازع بیان کے رد عمل میں کیا تھا۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے سال 2018-19 کے لیے جاری کردہ کنٹریکٹ میں سابق کپتان کو اے کیٹیگری سے نکال کر بی کیٹیگری میں شامل کردیا گیا تھا جس پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ نے اب تک کنٹریکٹ پر سائن نہیں کیے ہیں۔


متعلقہ خبریں