پاکستان میں زچگی کے دوران بچوں کی اموات میں20فیصدکمی


اسلام آباد: وفاقی وزارت صحت نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران پاکستان میں زچگی کے دوران بچوں کی اموات میں 20 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

وزارت صحت نے زچگی کے دوران بچوں کی اموات اور ویکسین سے محرومی کے معاملے پر اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ویکسینز سے محروم بچوں کی تعداد کے حوالے سے تیسرے نمبر پر جب کہ زچگی کے دوران اموات کی شرح میں پاکستان 54 ویں نمبر پر ہے۔

گزشتہ ڈیڑھ دہائی میں زچگی کے دوران اموات میں 20 فیصد کمی آئی ہیں۔ سال 2015 کے دوران ایک لاکھ میں سے 178 بچے دوران زچگی اموات کا شکار ہوئے تھے جب کہ سال 2000 میں ایک لاکھ بچوں میں سے 249 بچے موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ اموات کی بڑی وجہ بروقت پیدائش اور ہنر مند خدمت گاروں کی کمی ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دیہاتوں میں 24 گھنٹے پیدائش سے جڑی ایمرجنسی میں دیکھ بھال کا فقدان ہے، رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے صرف 38 اضلاع کو 32 لاکھ صحت کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔

ویکسینز سے محروم بچوں کے ممالک میں نائجیریا پہلے اور بھارت دوسرے نمبر پر ہیں، نائجیریا میں 33 لاکھ اور بھارت میں 29 لاکھ بچے ویکسینز کی فراہمی سے محروم ہیں۔

پاکستان میں 20 لاکھ، انڈونیشیاء میں 12 لاکھ اورایتھوپیا میں نو لاکھ بچے ویکسینیشن سے محروم ہیں جب کہ کانگو اور ڈی آر سی میں سات لاکھ بچے ویکسین سے محروم ہیں۔


متعلقہ خبریں