راولپنڈی: کسٹم کی خصوصی عدالت نے کرنسی اسمگلنگ مقدمے میں ماڈل ایان علی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔
15 ستمبر 2018 کو کرنسی اسمگلنگ اسکینڈل کی سماعت میں ایان علی کے وکیل ان کی میڈیکل رپورٹ لے کر پیش ہوئے۔ عدالت نے ایان علی کی میڈیکل رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے ماڈل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کی طرف سے ماڈل کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی استدعا کو بھی مسترد کرتے ہوئے ماڈل ایان علی کو چھ اکتوبر کو 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے ساتھ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے ماڈل ایان علی کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔
ماڈل گرل ایان علی کو کرنسی اسمگلنگ کیس میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ 5 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز دبئی منتقل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
ایان علی پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے ماڈل گرل کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔