حب: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملکی ادارے تباہ حال ہو گئے ہیں جب کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ سرکاری افسران اپنا کام بہتر بنائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے دورہ حب کے دوران مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور وفود سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر جام کمال خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم انفرادی کاموں کے بجائے اجتماعی کاموں پر توجہ دیں گے جب کہ ہمارے سرکاری اداروں سے ٹھیک طرح سے کام نہیں لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان عوامی پارٹی ( بی اے پی ) کے پلیٹ فارم پر عہد کیا ہے کہ ہم کچھ نیا کریں گے۔ عوام سے کہتا ہوں کہ وہ کام لیں جو حکومت کر سکتی ہے اے ایس آئی کا کام ڈی آئی جی سے کرانے کی کوشش مت کریں۔
جام کمال نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر کی تقرری و تبادلے ہم نہیں کریں گے جب کہ سرکاری افسران نمائندوں کو نہیں بلکہ عوام کو خوش کریں۔
انہوں نے کہا کہ اکثر کہا جاتا ہے کہ جو وزیراعلیٰ بنتا ہے وہ صرف اپنے ضلع کو ترجیح دیتا ہے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا تمام اضلاع کو ضرورت کے مطابق ترجیح دی جائے گی۔