کراچی: کینیڈا سے کراچی پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے-784 میں دوران سفر 80 سالہ بزرگ مسافر انتقال کرگئے۔ قومی ایئرلائن کی پرواز 22 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی تھی۔
قومی ائیر لائن کے ترجمان کے مطابق جعفرامام تنہا سفر کررہے تھے۔ ترجمان کے مطابق دوران پرواز ایئرلائن کے طبی عملے نے مسلسل مسافر کی دیکھ بھال کی۔
ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ ٹورنٹو سے کراچی آنے والے جعفرامام کے پیس میکر لگا ہوا تھا۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پرواز پی کے- 784 میں دوران پرواز ایک مسافر کا حرکت قلب بند ہو نے کے باعث انتقال ہوگیا۔ دوران پرواز طیارے میں موجود ڈاکٹروں نے مسافر کی موت کی تصدیق کی۔
قومی ائیرلائن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی تصدیق کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ نے مرحوم جعفرامام کے لواحقین اورپسماندگان سے تعزیت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔
ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے- 784 تیکینکی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی تھی جس کے سبب 17 معذور اور پانچ شیرخوار بچے ایئرپورٹ پر پھنس کر رہ گئے تھے۔
’ہم نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجورکا کہنا تھا کہ ٹورنٹو ائیر پورٹ پر مقامی گراؤنڈ ہینڈ لنگ کمپنی کی مس ہینڈ لنگ کے سبب تیکینکی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طیارے کو پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق گیارہ ستمبر کی صبح تین بجے روانہ کیا جائے گا۔