لاہور: سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شاہد خان آفریدی نے سابق ٹیسٹ اوپنر صادق محمد کو انڈر نائنٹین ٹیم کا منیجر بنانے پر اعتراض کر دیا۔
شاہد خان آفریدی نے کراچی کی ایک تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹ صادق محمد کو انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کا منیجر بنائے جانے کے فیصلے پر انہیں آرام کا مشورہ دے دیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ صادق محمد کو بنگلہ دیش میں شیڈول انڈر نائنٹین ایشیاء کپ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا منیجر بنانا درست فیصلہ نہیں کیونکہ اس وقت اُنہیں اس عہدے کی نہیں بلکہ دُعاؤں کی ضرورت ہے۔ انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کا منیجر مصباح الحق یا یونس خان کو بنایا جائے۔
شاہد آفریدی نے صادق محمد کو کوئی بھی ذمہ داری دینے کی مخالفت کر دی۔
شاہد خان آفریدی کے بیان پر صادق محمد نے اُنہیں آڑھے ہاتھوں لیا۔ کہتے ہیں کہ شاہد آفریدی کو معلوم ہونا چاہیے کہ اپنے سینئرز کے بارے میں کیسے بیان دیا جاتا ہے۔ سابق کپتان نے ذاتی عناد کی وجہ سے میرے خلاف بیان دیا ہے۔