اسلام آباد: چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے ہفتہ کے روز دفتر خارجہ میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے دفتر خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات شروع ہوگئے، اجلاس میں ریلوے اور سی پیک کے حوالے سے اہم معاملات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
مذاکرات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانی جبکہ وانگ ای چینی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ مذاکرات میں سی پیک، معاشی تعاون، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے تمام اہم امور پر گفتگو ہوگی۔
مذاکرات سے پہلے وزیر خارجہ شاہ محمود قریش کا کہنا تھا کہ سی پیک موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے اہم ہے۔
ون آن ون ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کا اسٹریٹیجک تعاون پرمبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چین نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے مدد اورحمایت کا یقین دلایا۔