یوم پاک بحریہ آج جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

آج یوم پاک بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: جنگ ستمبر میں پاکستانی سمندری حدود کی محافظ پاک بحریہ کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت تحسین پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں’یوم بحریہ‘ بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

یوم بحریہ کے موقع پر بحری فوج کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباس نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہم پاک بحریہ کے جوانوں اور افسران کی شجاعت و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آٹھ ستمبر دفاع وطن کے لیے قربانیوں اور بے لوث لگن کے جذبے کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلاف کی ہمت، بہادری اور قربانیوں کی اعلیٰ روایات نے نئے جذبے اور نا قابل شکست عزم کو جا گزیں کیا۔

جنگ ستمبر میں پاک بحریہ کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ آپریشن دوارکا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دشمن کے پانیوں میں 200 میل اندرگھس کر بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کرنا پاک بحریہ کا تاریخی کارنامہ ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بتایا کہ جنگ ستمبر کے دوران آبدوز غازی نے پوری بھارتی نیوی کو اپنے ہی پانیوں میں مقید رکھا۔ 1965 میں جنگ کے دوران آٹھ ستمبر کو پاک بحریہ کی واحد آبدوز’غازی‘ نے بھارتی بیڑے کو عالمی سمندر میں پیش قدمی سے روکے رکھا۔

طیارہ بردارجہاز نہ ہونے کے باوجود پاک بحریہ نے بھی اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایسی تاریخ رقم کی کہ بھارت آج تک بحری محاذ پر کسی کارروائی کی جرات نہیں کر سکا۔


متعلقہ خبریں