ایک عام سی عادت جو انتہائی جان لیوا ہے

یہ معمولی سی عادت کئی جان لیوا امراض کا باعث ہے


دنیا بھر کی ایک چوتھائی آبادی یعنی ایک ارب 40 کروڑ سے زائد افراد ایک عام سی عادت کی وجہ سے خون کی شریانوں سے منسلک بیماریوں، یادداشت کا خاتمہ اور کینسر جیسے خظرناک امراض کا شکار ہو جاتے ہیں۔

اور یہ عام سی عادت ہے آرام طلبی! جی ہاں، مسلسل بیٹھے یا لیٹے رہنا آپکی زندگی کو کم کر سکتا ہے۔

یہ بات عالمی ادارہ صحت کے تحت کی جانے والی ایک تحقیق کے نتیجے میں سامنے آئی ہے، ااس تحقیق کے نتائج طبی جریدے دی لانسیٹ گلوبل ہیلتھ میں شائع ہوئے۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کا زیادہ تر وقت بیٹھ کر یا لیٹے ہوئے گزرتا ہے، وہ بہت سی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر 4 میں سے ایک مرد جبکہ ہر تین میں سے ایک خاتون صحت مند رہنے کے لیے ضروری جسمانی سرگرمیوں سے دور ہیں۔

سنتے تھے کہ حرکت میں برکت ہے، آج عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے بھی یہ بات ثابت کر دی ہے۔ تحقیق کے مطابق ہفتے میں 150 منٹ کی ہلکی پھلکی ورزش یا 75 منٹ کی سخت ورزش انسانی جسم کو صحت مند رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن ممالک میں لوگوں کی آمدنی زیادہ ہے وہا ں کے رہائشی جسمانی طور پر کم متحرک ہوتے ہیں۔ ایسے ممالک جہاں کے شہری جسمانی سرگرمیوں سے دور ہیں ان میں کویت، سعودی عرب اور عراق سر فہرست ہیں۔ ان ممالک کی 50 فیصد سے زیادہ آبادی جسمانی طور پر متحرک نہیں ہے۔

ان کے مقابلے میں امریکہ میں 40 فیصد، برطانیہ میں 36 فیصد اور چین میں 14 فیصد افراد زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ جسمانی سرگرمیوں سے دوری دنیا بھر میں جلد اموات کا باعث بننے والی چند بڑی وجوہات میں سے ایک ہے کیونکہ اس عادت کے نتیجے میں خون کی شریانوں سے جڑے امراض مثلاً ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جبکہ کینسر اور ذیابیطس جیسی بیماریوں کا امکان بھی زیادہ ہو جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں