چودھری سرور کل گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

چودھری سرور

لاہور: پنجاب کے نامزد گورنر چوہدری سرور کل اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ تقریب حلف برداری کل شام چھ  بجے منعقد ہوگی جس کے لیے دعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ گورنر پنجاب سے حلف لیں گے۔

چودھری سرور نے گورنر پنجاب کا حلف 28 اگست کو اٹھانا تھا لیکن صدارتی انتخابات کی وجہ سے تقریب حلف برداری مؤخر کردی گئی تھی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی چودھری سرور کے حلف اٹھانے تک قائم مقام گورنر پنجاب کی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کے انتخاب میں کامیاب ہونے کے بعد گورنر پنجاب کے منصب پر فائز ملک رفیق رجوانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ملک رفیق رجوانہ کو مئی 2015 میں گورنر پنجاب مقرر کیا گیا تھا اورانہوں نے تین سال تک گورنر کی ذمہ داریاں ادا کیں۔ انہوں نے اس منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان لاہورہائی کورٹ میں کیا تھا۔ پیشے کے اعتبار سے وہ وکیل ہیں۔

ان سے قبل پنجاب کے گورنر چودھری سرور تھے جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے اختلاف کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرلی تھی۔

اس لحاظ سے یہ امر دلچسپی کا باعث ہے کہ چودھری سرور کو پاکستان مسلم لیگ (ن) نے برسراقتدار آتے ہی گورنر پنجاب کے منصب پہ فائز کیا اورپاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی نگاہ بھی اس منصب کے لیے انھی پر ٹھہری۔


متعلقہ خبریں