اسمگلنگ اور ہنڈی کے خلاف موثر قانون سازی کا فیصلہ

حکومت کا اسمگلنگ کے خلاف اقدامات موثر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: عمران خان کی زیر صدارت اسمگلنگ اور حوالہ و ہنڈی کی روک تھام کے سلسلے میں وزیرِاعظم آفس میں اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں اس کی روک تھام کے لیے موجودہ قوانین کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری کامرس اور  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے اسمگلنگ اور حوالہ و ہنڈی کے ذریعے رقوم کی غیر قانونی ترسیلات کے باعث قومی معیشت کو ہونے والے نقصانات پر وزیرِاعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم لانے کے لیے اٹارنی جنرل کی زیر سربراہی کسٹم، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایف آئی اے کے نمائندگان پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے جو آئندہ ایک ہفتے میں اپنی سفارشات وزیرِ اعظم کو پیش کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے وزارتِ داخلہ کو انتظامی سطح پر اقدامات کے حوالے سے لائحہ عمل کی سفارشات آئندہ ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیرِاعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری کامرس، اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، چئیرمین ایف بی آر، ڈی جی وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں