کوئٹہ: تحریک انصاف حکومت کی اعلان کردہ سادگی کی پالیسی کے برخلاف گورنر سندھ کو دورہ کوئٹہ کے دوران دیے گئے پروٹوکول نے دیکھنے والوں کو دنگ کر دیا۔
نومنتخب وزیر اعظم نے قوم سے اپنے پہلے ہی خطاب میں سادگی اپنانے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس سے عوام کو تبدیلی کا نعرہ سچ ہوتے دیکھائی دیا تھا۔ عمران خان کی وی آئی پی کلچر کے خلاف جنگ اور بار بار سادگی کی باتیں زباں زد عام دکھائی دیتی ہیں مگر جوں جوں پی ٹی آئی کی حکومت کا وقت گزرتا جا رہا ہےحقیقت اس کے برعکس ہوتی جا رہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سادگی کی اپیل کے برعکس ان کے وزیر و مشیر حکومت میں آجانے کے بعد وی آئی پی پروٹوکول کے مزے لوٹتے نظر آتے ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے نو منتخب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا دورہ کوئٹہ کے دوران پروٹوکول دیکھ کر شہری دنگ رہ گئے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کوئٹہ روانگی کے لیے کراچی میں تو پروٹوکول کے بغیر ایئرپورٹ پہنچے اورمسافروں کے ساتھ لائن میں لگے تھے، مگرجب وہ کوئٹہ ایئرپورٹ سے گورنر ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے تو منظر تبدیل نظر آیا۔
کپتان کے کھلاڑی کے ساتھ پروٹوکول کی گاڑیوں کی ایک لمبی قطار تھی، ارد گرد کے راستے بند کر دیے گئے جس کی وجہ سے شہری 30 منٹ تک راستہ کھولنے کا انتطار کرتے رہے۔
اعلان کردہ معاملہ کے برعکس پروٹوکول لینے والے گورنر سندھ نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کی تو کہا کہ تبدیلی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔
کپتان کی سادگی اپنانے کے بعد ان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر وہ بھی تنقید کی زد میں ہیں، جس پر وزیراطلاعات فواد چودھری بھی وضاحتیں پیش کرتے رہتے ہیں کہ وزیراعظم گاڑی پر جائیں گے تو سڑکیں بلاک ہوں گی اس لیے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا سوچا گیا ہے۔
عمران اسماعیل کے علاوہ کپتان کے دیگر کھلاڑی بھی شاہانہ پروٹوکول اور مہنگی سواریاں استعمال کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے میاں چنوں اور پاکپتن کے دورے میں سرکاری ہیلی کاپٹرکے ساتھ شاہانہ پروٹوکول کی داستان بھی ہر زباں پرعام ہے۔ گزشتہ دنوں شیخ رشید کے پروٹوکول کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر عام ہوئی جسے خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔