اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے ہم پُر اُمید ہیں، ہمارے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی صدارتی انتخاب میں کامیاب ہوں گے۔
فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی انتخاب میں ہمیں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور ہم بآسانی صدارتی انتخاب میں نمبر گیم حاصل کر لیں گے کیونکہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم )، مسلم لیگ ق، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) سمیت اتحادیوں کی ہمیں مکمل حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ضمنی انتخابات سے متعلق پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جبکہ ضمنی انتخاب کے لیے درخواستیں نہ مانگنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پرانی درخواستوں پر ہی پارٹی ٹکٹ دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے ریلوے کی کمر توڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تاہم ریلوے کا خسارہ جو 40 ارب روپے ہے اس کو ہم کم کرنے کی کوشش کریں گے۔
فواد چوہدری نے سرکاری ٹی وی چینل ( پی ٹی وی ) کے دو مزید نئے چینل لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک پی ٹی وی اسپورٹس اور دوسرا بچوں کا چینل لایا جائے گا جبکہ موجودہ پی ٹی وی اسپورٹس کو صرف کرکٹ کے لیے مختص کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے تاریخی نوعیت کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور چند دنوں میں ہی حکومت کو کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔ موجودہ خزانے کی حفاظت کرنا حکومت کی پالیسی ہے۔
فواد چوہدری نے سعید غنی کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعید غنی اپنی جماعت کے صدر کی تعلیمی قابلیت بھی دیکھ لیتے۔ اگر میٹرک پاس شخص صدر بن سکتا ہے تو پھر گورنر پر اعتراض کیوں کیا جارہا ہے۔