پنجاب کابینہ کا اعلان جلد متوقع

پنجاب کابینہ کا اعلان جلد متوقع

اسلام آباد: پنجاب کے وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے جس میں پنجاب کابینہ سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پنجاب کابینہ کے ارکان کے ناموں پر غور کیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی جس کے بعد کابینہ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیراعلی پنجاب کو اپنی حکومت کی ترجیحات سے آگاہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنا لائحہ عمل انہی ترجیحات کی روشنی میں طے کریں۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ حکومتی امور چلاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی اور عمران خان کے ویژن کو مدنظر رکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے انہیں یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اور سادگی و کفایت شعاری کو حکومت کی ترجیحات میں اولیت دیں۔

اس سے قبل وزیراعلی منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا تھا کہ وہ خیبرپختونخوا کے ماڈل پر اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کریں گے اور ان میں میرٹ کا نظام لائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں