عیدالاضحیٰ: اسلام آباد پولیس کا سیکیورٹی پلان


اسلام آباد: عیدالاضحیٰ پر اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ سیکیورٹی پلان کے تحت 966 مساجد، 06 عید گاہوں، 17 امام بارگاہوں اور 19 مقامات پر دو ہزار افسران و جوان تعینات ہوں گے۔

اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسران وجوان شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائیں اور پٹرولنگ کو مؤثر بنائیں وگرنہ ناقص کارکردگی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

عید قرباں کے موقع پر سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کی زیرصدارت ریسکیو ون فائیو میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی انویسٹی گیشن، زونل ایس پیز، سب ڈویژنل پولیس افسران اورتمام تھانوں کے ایس ایچ اوز  بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس کمانڈوز بھی پٹرولنگ پر مامور ہوں گے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچا جاسکے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے ہدایت کی کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، شہرکے داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی جائے اورتمام تفریحی مقامات پر سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام  نے شہر کے مختلف قبرستانوں میں بھی سیکیورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں۔


متعلقہ خبریں