اسلام آباد: برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے عمران خان کو وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
عمران خان کو ٹیلیفون پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھولنے اورپاک برطانیہ تعلقات میں مزید بہتری اور سرگرمی لانے کیلئے تیار ہے، برطانیہ نئی حکومت کی مکمل معاونت کرے گا۔
عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر برطانوی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان منی لانڈرنگ کے انسداد کیلئے بیرونی حکومتوں خصوصاً برطانیہ کے ساتھ اشتراک کا خواہاں ہیں کیونکہ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک کیلئے ایک سنگین مسئلہ ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے عمران خان کے خیالات سے مکمل اتفاق اور منی لانڈرنگ کے انسداد کے لیے پاکستان کے ساتھ مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
عمران خان جمعہ کے روز 176 ووٹ حاصل کر کے پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں اور انہیں مختلف ممالک کے سربراہان کی جانب سے تہنیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔