اسلام آباد: قومی اسمبلی کے آئندہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے حکومتی اور اپوزیشن اتحاد کے نمائندوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر اور ہم خیال جماعتوں کے امیدوار سید خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے قاسم سوری اور اپوزیشن اتحاد کی جانب سے مجلس عمل کے اسعد محمود نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے خورشید شاہ کے کاغذات وصول کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے آنے سے پہلے ہم بلا مقابلہ انتخاب کا طریقہ دیکھ رہے تھے جس پر خورشید شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تو میرے خلاف سازش تھی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے خورشید شاہ کے تجویز کنندگان میں سید نوید قمر، رمیش لعل، شازیہ ثوبیہ، مسرت مہیسر اور شاہدہ رحمانی شامل ہیں۔
کل بدھ کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 25 برسوں سے پارلیمان میں ہوں، جتنے ممبران پارلیمنٹ میں آرہے ہیں سب سے اچھا تعلق ہے۔ ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کے لیے بات کی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار اسعد محمود سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور خورشید شاہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے امیدوار ہیں۔ الیکشن ہمیشہ امید پر لڑے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے تجویز کنندگان میں مولانا عبد الواسع اور صلاح الدین ایوبی شامل ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
تحریک انصاف کے ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار قاسم سوری کا کہنا تھا کہ حمایت کے لیے تمام جماعتوں سے رابطے کیے ہیں، خورشید شاہ، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور ق لیگ سے بھی رابطے میں ہیں۔