اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے انتخابات کے دوران ایک سے زائد نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ حلف اٹھانے سے پہلے اپنی مرضی کی ایک نشست کے علاوہ باقی سے استعفی دے دیں۔
ای سی پی کی جانب سے جاری ہونے والے ہدایت نامے کے مطابق ایک سے زائد نشست پر کامیاب امیدوار چیف الیکشن کمشنر کو اپنی باقی نشستیں چھوڑنے کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
علاوہ ازیں نومنتخب کامیاب امیدوار اپنی نشستیں چھوڑنے کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنرز کو بھی آگاہ کر سکتے ہیں۔
انتخابی کمیشن کی ہدایت سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف اور ق لیگ کے اتحاد کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے لیے نامزد کیے گئے پرویز الہی نے قومی اسمبلی کی دونوں نشستیں چھوڑ دی ہیں۔
پرویز الہی نے نشستیں چھوڑنے کے فیصلہ سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔ ق لیگ کے رہنما قومی اسمبلی کی نشستوں این اے 69 گجرات اور این 65 سے منتخب ہوئے تھے۔