بنگلہ دیش میں حالیہ بدامنی کے باعث عالمی فیشن برانڈز متبادل ذرائع کی طرف رخ کر رہے ہیں اور اپنے ماہانہ آرڈر ان ممالک میں منتقل کرنے لگے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق تین فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ ’زارا‘ اور ’ایچ اینڈ ایم‘ سمیت عالمی فیشن برانڈز نے نومبر میں بنگلہ دیش سے اپنے ماہانہ آرڈرز کا تقریباً 10 فی صد دیگر ایشیائی ممالک میں منتقل کردیا۔
مالکان کے بقول ورکرز کے احتجاج کے باعث پیداوار متاثر ہوئی جب کہ بڑھتے ہوئے اخراجات نے ملک کی مسابقتی برتری کو کم کیا ہے جس کے نتیجے میں برانڈز کی جانب سے یہ فیصلہ دیکھنے میں آیا۔
فیکٹری مالکان کے مطابق یکم سے 18 نومبر کے دوران برانڈز نے تقریباً 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے آرڈرز دوسرے ممالک منتقل کیے جن میں سے زیادہ تر آرڈرز بھارت میں دیے گئے ہیں۔
اس تبدیلی کو بنگلہ دیش کی معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے کیوں کہ یہ شعبہ ملک کی معیشت میں ایک اہم اہمیت رکھتا ہے اور اس کے اثرات موجودہ بدامنی کے خاتمے کے بعد بھی برقرار رہ سکتے ہیں۔
صنعتی شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی اجرتوں، توانائی کی قلت اور سیاسی بے یقینی نے بنگلہ دیش کی کم لاگت پیداوار کی اُس برتری کو کمزور کیا ہے جس نے اسے چین کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا ملبوسات برآمد کرنے والا ملک بنا دیا تھا۔
اس صورتِ حال کے باعث عالمی برانڈز نے اپنی مصنوعات کی تیاری کے لیے دیگر ممالک سے بھی رجوع کرنا شروع کردیا ہے۔
بنگلہ دیش گارمینٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (بی جی ایم ای اے) کے مطابق احتجاج کے باعث 40 کروڑ ڈالر سے زائد کا پیداواری نقصان ہو چکا ہے۔
یہ ایک ایسا صنعتی شعبہ ہے جو بنگلہ دیش کی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 80 فی صد سے زائد حصہ رکھتا ہے جب کہ ملک میں مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تقریباً 40 فی صد ملازمتیں بھی اسی صنعت سے وابستہ ہیں۔

صنعتی شعبے سے وابستہ افراد کے مطابق آرڈرز کی منتقلی کا سب سے زیادہ فائدہ بھارت کو ہوا ہے جب کہ خریدار سپلائی چین کے خطرات کم کرنے اور آرڈرز کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے ویتنام، کمبوڈیا اور انڈونیشیا کا بھی رخ کر رہے ہیں۔
صنعت پر پڑھنے والے اس دباؤ میں بدھ کو اس وقت اضافہ ہوا جب حکومت نے گارمنٹس کے مزدوروں کی کم از کم اجرت میں 36 فی صد اضافے کی منظوری دی۔ تاہم گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران یہ سب سے کم اضافہ ہے۔
مزدوروں کی جانب سے تنخواہوں میں دوگنا اضافے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس دوران احتجاج کے نتیجے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔
تاہم وزارتِ محنت و روزگار کے سیکریٹری عبدالرحمان طرفدار نے اجرت میں اضافے کو ’اطمینان بخش‘ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام گارمنٹس ورکرز ہفتے سے کام پر واپس آ جائیں گے۔
صنعتی شعبے سے وابستہ افراد کے مطابق اس اضافے سے بھارت کے مقابلے میں بنگلہ دیش کی کم اجرت پر مزدوروں کی دستیابی کی برتری مزید کم ہو جائے گی۔ تاہم مزدور یونین کا مؤقف ہے کہ عالمی ملبوسات کی صنعت کے معیار کے مقابلے میں یہ اجرت اب بھی کم ہے۔
فیکٹری مالکان نے عالمی خریداروں کے ساتھ اپنے کاروباری تعلقات متاثر ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بدامنی کے باعث زارا، ایچ اینڈ ایم، مارکس اینڈ اسپینسر، سیلیو اور دیگر عالمی برانڈز نے اپنے آرڈر دوسرے ممالک منتقل کردیے۔ ان کے بقول ان میں سے زیادہ تر آرڈر بھارت کو ملے ہیں۔
زارا کی مالک کمپنی انڈیٹیکس نے ‘رائٹرز کے سوالات پر تبصرہ نہیں کیا جب کہ ایم اینڈ ایس، ایچ اینڈ ایم اور سیلیو نے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔
بی جی ایم ای اے کے ڈائریکٹر ایم محی الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ اجرتوں، یوٹیلیٹی اور خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے صنعت کاروں پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اجرتوں میں اضافے سے ایسے وقت میں پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے جب خریدار کم قیمتوں کا مطالبہ کر رہے ہیں اور دیگر ممالک سے مسابقت بھی بڑھ رہی ہے۔
تنظیم کے صدر محمود حسن خان نے برانڈز کا نام بتانے سے گریز کیا۔ تاہم ان کے بقول بعض آرڈرز عارضی طور پر دوسرے ممالک منتقل ہونے سے صنعت کو عالمی خریداروں کے ساتھ کاروباری تعلقات برقرار رکھنے اور مالی نقصان کم کرنے میں مدد ملی ہے۔
فیکٹری مالکان کے مطابق اصل پریشانی یہ ہے کہ جو آرڈرز پہلے ہی دوسرے ملکوں کو جا چکے ہیں، ان کے بعد آئندہ کے آرڈرز بھی ہاتھ سے نکل سکتے ہیں کیوں کہ خریدار اب دوبارہ یہ سوچ رہے ہیں کہ کپڑیں کہاں سے منگوائیں۔
محی الدین چوہدری کے بقول خریدار سپلائرز کا انتخاب کرتے وقت قیمت کے مقابلے میں سامانکی بروقت ترسیل کو زیادہ اہمیت دینے لگے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب برانڈز پر مقررہ وقت پر ترسیل یقینی بنانے کا دباؤ ہو تو قیمت ثانوی اہمیت اختیار کرلیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت خریداروں کو تقریباً ایک ہفتہ جلدی مال پہنچانے کی سہولت دے سکتا ہے جب کہ ویتنام اور کمبوڈیا 15 دن پہلے آرڈر فراہم کرسکتے ہیں۔
ان کے بقول بنگلہ دیش میں پیداوار اور ترسیل کا دورانیہ تقریباً 120 دن ہے جب کہ حریف ممالک یہ کام 60 سے 90 دن میں مکمل کرسکتے ہیں۔



