انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی دریائے نیل کی مادہ ہپوپوٹیمس (دریائی گھوڑی) ’فیونا‘ 9 سال کی عمر میں ہلاک ہو گئی ہے۔
امریکا کی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی کے چڑیا گھر نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ فیونا کی موت جمعرات کو ہوئی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فیونا کی پیدائش تقریباً ایک دہائی قبل مقررہ وقت سے چھ ہفتے پہلے ہوئی تھی۔ اس کی بقا کی جدوجہد کے واقعات چڑیا گھر نے انٹرنیٹ پر شیئر کیے تھے، جس کے بعد اسے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔
9 سالہ فیونا گزشتہ ہفتے اس وقت بیمار ہو گئی تھی جب اس نے غلطی سے اپنے احاطے میں گرنے والی سردیوں کی ٹوپی نگل لی تھی۔ ٹوپی کے فیونا تک پہنچنے پر چڑیا گھر نے بتایا تھا کہ ایک بچے نے اپنی ٹوپی ہوا میں اچھالی تھی جو چھت پر لگے پنکھے سے ٹکرا کر اڑتی ہوئی فیونا کے قریب جا گری تھی۔
چڑیا گھر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری بیان میں بتایا کہ ٹوپی کو فیونا کے جسم سے نکالنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، لیکن اس کی حالت سنبھل نہ سکی۔
View this post on Instagram
بیان کے مطابق عملے نے جمعرات کو فیونا کو بچانے کے لیے ضروری طبی نگہداشت فراہم کی تاہم یہ کوشش کامیاب نہ ہوئی اور وہ جانبر نہ ہو سکی۔
فیونا 2017 میں مقررہ وقت سے چھ ہفتے قبل پیدا ہوئی تھی اور پیدائش کے وقت اس کا وزن محض 13 کلوگرام تھا، جو ایک عام نومولود دریائی گھوڑے کے وزن کے نصف سے بھی کم تھا۔ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہونے کے قابل بھی نہیں تھی اور اس کے زندہ بچنے کے امکانات انتہائی کم تھے۔
تاہم چڑیا گھر نے اس کی خوراک، نشوونما اور سرگرمیوں کے بارے میں روزانہ اپ ڈیٹس جاری کرنا شروع کی۔ دنیا بھر میں اس کے مداحوں کی بڑی تعداد انٹرنیٹ پر فیونا کی زندگی سے متعلق ہر پیش رفت دیکھتی رہی۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس سے متاثر ہو کر بچوں کی کتابوں کا ایک سلسلہ بھی شائع کیا گیا۔
فیونا اور 2022 میں پیدا ہونے والے ان کے چھوٹے بھائی فرٹز کی ویڈیوز نے دنیا بھر میں لوگوں کو اپنا گرویدہ کر لیا تھا۔ ان ویڈیوز میں دونوں کو تربوز کھاتے، مچھلیوں کے درمیان پانی میں گھومتے اور درختوں سے پتے کھاتے دیکھا گیا تھا۔
سنسناٹی کے میئر آفتاب پیورول نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ فیونا سنسناٹی میں ثابت قدمی اور خوشی کی علامت تھی۔ اس نے بچوں، والدین اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں سمیت بے شمار لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔
Fiona was a symbol of perseverance and joy in Cincinnati. She brought smiles to so many faces, from kids to parents to visitors from around the world.
Our city is heartbroken, but we couldn’t be more grateful that she was part of our lives and our community as a whole.
— Aftab Pureval (@AftabPureval) November 19, 2026
واضح رہے کہ سنسناٹی چڑیا گھر 1875 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ امریکا کا دوسرا قدیم ترین چڑیا گھر ہے۔
چڑیا گھر نے گزشتہ چند روز کے دوران سوشل میڈیا پر جاری بیانات میں بتایا تھا کہ فیونا کو 24 گھنٹے طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی تھی، جس میں ادویات، کولونوسکوپی (بڑی آنت کا معائنہ) اور ایک مقامی گھوڑوں کے فارم سے حاصل کردہ وائبریشن پلیٹ کا استعمال بھی شامل تھا۔
چڑیا گھر کے مطابق عملے کو امید تھی کہ وائبریشن پلیٹ کی مدد سے ٹوپی اس کے نظامِ ہاضمہ سے گزر کر باہر نکل جائے گی۔ تاہم فیونا کے جسمانی حجم کے باعث اس کی سرجری ممکن نہیں تھی۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق چڑیا گھر میں جانوروں کی صحت کے ڈائریکٹر مائیک ویننگر نے بتایا تھا کہ فیونا کو انیما، درد کم کرنے اور متلی روکنے والی ادویات بھی دی جا رہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق فیونا کو بے ہوش کرکے مقعد کے راستے تقریباً نو فٹ طویل طبی آلہ داخل کرکے ٹوپی نکالنے کی بھی کوشش کی گئی تھی، تاہم یہ کوشش بھی کامیاب نہ ہو سکی۔
