پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے ان کی اہلیہ اور وکلاء کی ملاقاتوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس اقدام کے پس منظر اور ممکنہ وجوہات پر دلچسپ تجزیہ پیش کیا ہے۔
وہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کے وکلا، سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر، کے درمیان کرائی جانے والی ملاقات کی بات کر رہے تھے۔ لطیف کھوسہ کے مطابق یہ ملاقات تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہی جس میں بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔
فیس بک پر کی گئی ایک پوسٹ میں خواجہ سعد رفیق نے ان ملاقاتوں کے ممکنہ سیاسی محرکات پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کے پاس اس حوالے سے کوئی حتمی خبر نہیں، تاہم ان کے اندازے کے مطابق جیل میں ہونے والی ان ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ 28 ویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملات سے جڑا ہوا ہے۔
اس بات کی تصدیق گزشتہ روز عمران خان سے ملنے کے بعد لطیف کھوسہ نے بھی کی تھی۔ میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں عمران خان سے 28 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، تاہم وہ اس کی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔
یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے منگل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران دیے گئے حکم پر ہوئی۔ وکلا نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں اپنے مؤکلوں تک رسائی نہیں دی جا رہی اور اپیلوں پر مؤثر تیاری کے لیے ملاقات ضروری ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے اپنے تجزیے میں لکھا کہ ”ہو سکتا ہے کہ سندھ کی تقسیم پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نہ ماننے کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے حصول کے لیے یہ تجویز جناب عمران خان کے سامنے رکھی جا رہی ہو، اگر وہ تعاون کریں تو ان کی حمایت کے بدلے اسٹیبلسمنٹ پی ٹی آئی کے لیے آسانیاں مہیا کر سکتی ہے۔“
اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر عقیل ملک نے گزشتہ شب ہم نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں گفتگو کے دوران واضح کیا تھا کہ ”ملاقات کے بعد 28 ویں آئینی ترمیم کی جو بازگشت چل رہی ہے، اس پر صرف یہی کہوں گا کہ حکومت نے کسی ترمیم پر کوئی کام شروع نہیں کیا۔“
سعد رفیق نے ملاقات کے حوالے سے مزید امکان ظاہر کیا کہ ”یہ بھی ممکن ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر وفاق سے تعاون کرنے اور آئندہ اسلام آباد پر دھاوا نہ بولنے کی گارنٹی کے بدلے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے خاتمے کی تجویز بھی سامنے رکھی گئی ہو۔“
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کا اکٹھے ہونا نہایت ضروری امر ہے اور اس کے لیے بھرپور کوشش کی جانی چاہیے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وفاقی حکومت کے مطابق خیبر پختونخوا میں سہیل آفریدی کی قیادت میں کام کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت دہشت گردی پر تعاون سے گریزاں تھی جس کے باعث حکومت کے پاس صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کے سوا کوئی آپشن باقی نہ رہا۔
’ڈیل کے ذریعے نئے صوبوں کی تشکیل سے پیچیدگیاں بڑھیں گی‘
سابق وفاقی وزیر نے نئے صوبوں کے قیام کو ایک انتہائی حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں اس کا مطالبہ طویل عرصے سے موجود ہے اور حقیقتاً اس کی ضرورت بھی محسوس کی جاتی ہے، تاہم اس کے طریقہ کار پر احتیاط لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ “پیپلز پارٹی خصوصاً اہلِ سندھ کو الگ تھلگ کر کے یا جیل میں مقید سیاسی قیادت کو تعاون کے بدلے رعایتیں دینے کی ’ڈیل‘ کے ذریعے چھوٹے صوبوں کی تشکیل بہرحال پیچیدگیاں مزید بڑھا سکتی ہے اور اس کارِ خیر کی روح کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔”
خواجہ سعد رفیق کے مطابق زیادہ مناسب راستہ یہ ہوگا کہ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کے لیے پارلیمانی حجم سے قطع نظر تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو آزادانہ ماحول میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی سہولت دی جائے، کیونکہ اگر سازگار ماحول پیدا نہ کیا گیا تو مستقبل میں آنے والی کوئی بھی پارلیمنٹ موجودہ آئینی ترامیم کو ختم کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل پر بحث وزیر داخلہ محسن نقوی کے جولائی میں دیے گئے بیان سے پھوٹی جس میں انہوں نے ’نظام کے ڈھ جانے‘ کے بعد ’نئے انتظامی یونٹس‘ پر سنجیدہ غور کرنے کی اپیل کی تھی۔
”نئے میثاقِ پاکستان کی ضرورت ہے’
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اگر پاکستان کو واقعتاً آگے بڑھانا مقصود ہے تو سیاسی قوتوں، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو بغیر کسی دباؤ کے آزادانہ ماحول میں مستقبل کے پاکستان کے خدوخال تشکیل دینا ہوں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ ایک ترقی پسند، مستحکم، جمہوری اور متحد پاکستان کی تشکیل کے لیے تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا اور ایک دوسرے کے حقوق کو تسلیم کرنا ہوگا، اور اس مقصد کے لیے ’نیا میثاقِ پاکستان‘ وقت کی اشد ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ سعد رفیق نے عمران خان کے حوالے سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف ان کی قیدِ تنہائی ختم ہونی چاہیے بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر پی ٹی آئی کے لیے بھی پُرامن سیاست کا ماحول پیدا کرنا چاہیے۔
