ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اور کاروباری شخصیت کماری جانسن 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
وہ مشہور امریکی ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ اور فلم ’ڈیوڈ، وئیرز مائی کار؟‘ میں اداکاری کے باعث جانی جاتی تھیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق کماری جانسن کا انتقال 4 نومبر کو ہوا۔ انہیں دل کی شریان سے متعلق ایک سنگین طبی مسئلے کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اسپتال میں زیرِعلاج تھیں۔
اداکارہ کو 27 اکتوبر کولاس اینجلس میں واقع ان کے گھر پرطبی ایمرجنسی کے بعد سیڈرزسائنائی اسپتال منتقل کیا گیا تھا ان کی بھانجی رونڈا اسکاٹ نے امریکی میڈیا ٹی ایم زیڈ کو بتایا کہ دل سے متعلق طبی پیچیدگی کے بعد اداکارہ اسپتال میں داخل تھیں، جہاں بدھ کی دوپہرانہوں نے پرسکون اندازمیں آخری سانس لی۔
‘Beverly Hills, 90210’ Actress Kimmarie Johnson Dies at 50 in Her Los Angeles Home dlvr.it/TWCZXD #CelebrityRealEstate #BeverlyHillsCA #California #Death https://t.co/ku6tfNDSSn
— Lionel Cruz (@LCRealGroup) November 5, 2026
رونڈا اسکاٹ نے پیپل میگزین سے گفتگو میں کہا کہ ان کی خالہ کی شخصیت روشن اور پُراثر تھی، خاندان ان کی زندگی اوریادوں کو ہمیشہ محبت اورعزت کے ساتھ یاد رکھے گا۔
کماری جانسن کا اصل نام کم میری جانسن تھا۔ وہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر پٹسبرگ میں پیدا ہوئیں اور ولکنزبرگ میں پرورش پائی۔
انہوں نے کیلیفورنیا یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے تعلیم حاصل کی، جس میں بچوں کی نفسیات بھی شامل تھی۔ بعد ازاں وہ نیویارک منتقل ہوئیں اور بین الاقوامی پروازوں میں فضائی میزبان کے طور پر کام کرنے لگیں، اسی دوران انہیں ماڈلنگ کا موقع ملا۔
انہوں نے 1993 میں مس پنسلوانیا یو ایس اے کا مقابلہ جیتا اور مس یو ایس اے کے فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی، اسی سال ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ کی ایک قسط سے اداکاری کا آغاز کیا بعد ازاں وہ ’وی آئی پی‘ سمیت متعدد ٹی وی پروگراموں اور فلموں میں نظر آئیں۔
ان کی دیگر فلموں میں ’لیگیسی‘، ’دی سمرآف میسیکر‘، ’بریک اے لیگ‘، ’گینگ وارز‘، ’اسپینش فلائی‘ اور ’شیڈو فیوری‘ شامل ہیں، ان کا آخری اداکاری کا کام 2017 میں ’ٹکرز وار‘ کی ایک قسط تھی۔
2003 میں بیٹے کی پیدائش کے بعد انہوں نے کچھ عرصے کے لیے اداکاری سے وقفہ لیا، تاہم بعد میں اسٹیج ڈراموں میں بھی کام کیا۔
2011 میں انہوں نے جلد کی نگہداشت کی کمپنی ’اسکن گلو بائی کماری‘ قائم کی، جسے وہ اپنی وفات تک چلاتی رہیں، رواں سال وہ فلم ’مائیکل‘ کے لاس اینجلس پریمیئر میں بھی شریک ہوئی تھیں۔



