چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یونیورسٹی آف لاڑکانو کا افتتاح کر دیا۔
لاڑکانہ میں افتتاحی تقریب کے موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیک محمد شیخ نے بلاول بھٹو زرداری کو ادارے کے مختلف شعبوں، تعلیمی سہولیات اور سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یونیورسٹی میں سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ایگریکلچرل سائنسز اور قانون کی فیکلٹیز کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کی کارکردگی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف لاڑکانو کا قیام سندھ یونیورسٹی اور قائد عوام یونیورسٹی کے سابق لاڑکانہ کیمپسز، شہید ذوالفقار علی بھٹو زرعی کالج اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو لا کالج کو ضم کرکے عمل میں لایا گیا ہے۔ جبکہ یونیورسٹی میں سماجی و انسانی علوم، انجینئرنگ و ٹیکنالوجی، زرعی علوم اور قانون سمیت مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم فراہم کی جائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے قیام کا بنیادی مقصد لاڑکانہ سمیت سندھ بھر کے طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور صوبے کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے لیے گھر سے دور جانا نوجوان کا انتخاب ہونا چاہیے، مجبوری نہیں، آج یونی ورسٹی آف لاڑکانو کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہوئی کہ لاڑکانہ اور گردونواح کے نوجوانوں کے لیے اپنے علاقے میں علم، تحقیق اور آگے بڑھنے کے مواقع وسیع ہورہے ہیں۔
افتتاح کے بعد اساتذہ سے گفتگو کی اور یونی ورسٹی کے تعلیمی پروگراموں پر بریفنگ لی، یہاں دوہزار 875 طلباء زیرِ تعلیم ہیں اور زراعت و انجینئرنگ سے مصنوعی ذہانت تک 26 تعلیمی پروگرام جاری ہیں، میری خواہش ہے کہ یہاں کی تحقیق ہمارے کھیتوں کی پیداوار بڑھائے، ہمارے شہروں کے مسائل حل کرے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے امکانات پیدا کرے۔
لاڑکانہ نے پاکستان کی سیاسی تاریخ پر اپنا گہرا نقش چھوڑا ہے، مجھے امید ہے کہ یونی ورسٹی آف لاڑکانو سے فارح التحصیل ہونے والے نوجوان علم اور تحقیق کی دنیا میں اپنا لوہا منوائیں گے اور ملک کے مستقبل کی تعمیر کریں گے۔
— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) November 5, 2026
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے گھر سے دور جانا نوجوان کی مجبوری نہیں بلکہ انتخاب ہونا چاہیے۔ آج یونی ورسٹی آف لاڑکانو کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہوئی کہ لاڑکانہ اور گردونواح کے نوجوانوں کے لیے اپنے علاقے میں علم، تحقیق اور آگے بڑھنے کے مواقع وسیع ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے یہاں کی تحقیق ہمارے کھیتوں کی پیداوار بڑھائے، ہمارے شہروں کے مسائل حل کرے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے امکانات پیدا کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لااڑکانہ نے پاکستان کی سیاسی تاریخ پر اپنا گہرا نقش چھوڑا ہے، اور مجھے امید ہے کہ یونیورسٹی آف لاڑکانو سے فارح التحصیل ہونے والے نوجوان علم اور تحقیق کی دنیا میں اپنا لوہا منوائیں گے اور ملک کے مستقبل کی تعمیر کریں گے۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی آف لاڑکانو میں فی الوقت 6 بنیادی فیکلٹیز کے تحت 26 سے زائد تعلیمی پروگرامز پیش کیے جا رہے ہیں۔



