صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ محمد اقبال کے 149ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ شاعرِ مشرق کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنی فکری صلاحیتوں، خود اعتمادی اور قومی خودداری کو فروغ دیں۔
علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ میں حاصل کی اور گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ایم اے کیا۔ بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ گئے جہاں کیمبرج یونیورسٹی سے فلسفے کی تعلیم حاصل کی اور جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔
اقبال نے اردو اور فارسی دونوں زبانوں میں شاعری کی اور ان کی معروف تصانیف میں بانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم، ارمغان حجاز، اسرار خودی اور رموز بے خودی شامل ہیں۔ ان کی شاعری میں خودی، عشقِ رسولﷺ، ملت اسلامیہ کے اتحاد اور مسلمانوں کی فکری و سیاسی بیداری کے موضوعات نمایاں ہیں۔ انہوں نے 1930 میں الہ آباد کے خطبے میں برصغیر کے شمال مغربی مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل ایک الگ مسلم ریاست کا تصور پیش کیا جس نے تحریک پاکستان کی فکری بنیادوں کو تقویت دی۔
صدر مملکت نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانوں کو ان کی عزت، حقوق اور اپنی تقدیر خود بنانے کی طاقت کا احساس دلایا۔ ان کے مطابق اقبال نے ایسی مساوی معاشرت کا تصور پیش کیا جہاں دولت، مراعات اور خاندانی حیثیت کسی فرد کی قدر یا ترقی کے مواقع کا تعین نہ کریں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اقبال کا تصورِ خودی علم، محنت، جرات اور مضبوط کردار کے ذریعے ایک بااعتماد اور ذمہ دار شخصیت کی تشکیل کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اقبال کی شاعری سے تحریک حاصل کرتے ہوئے سوال کرنے اور تنقیدی سوچ کی صلاحیت پیدا کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ اقبال کا پیغام صرف برصغیر کے مسلمانوں تک محدود نہیں تھا بلکہ اس میں آزادی، مساوات اور خودداری کی وسیع تر انسانی جدوجہد بھی شامل تھی۔ ان کے مطابق پاکستان کو تعلیم، سائنسی ترقی، علاقائی تعاون اور امن کے ذریعے ایشیا کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں اپنی الگ قومی شناخت کا احساس دلایا جس نے ایک آزاد وطن کے حصول کی تاریخی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ حکومت علامہ اقبال کے 150ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے آج سے سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آغاز کر رہی ہے جو 9 نومبر 2027 کو مکمل ہوں گی۔ اس سلسلے میں قومی اور بین الاقوامی کانفرنسیں، علمی و تحقیقی سیمینارز، ادبی میلوں، نمائشوں، تعلیمی مقابلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار نوجوان نسل کی فکری نشوونما اور مستقبل کی رہنمائی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت اقبال کے فلسفے کو تعلیمی اداروں، قومی مکالمے اور ترقیاتی ترجیحات کا مؤثر حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقبال کا تصور خودی افراد اور قوموں کو خود شناسی، بامقصد جدوجہد اور روحانی آزادی کے ذریعے اپنی تقدیر بدلنے کا درس دیتا ہے۔
Imam Shahid Seyyed Ali Khameni:
Undoubtedly, He is the shining star of the East; and therefore, it’s appropriate to call Allama Iqbal the “Shining Star of the East.”
Happy Iqbal Day https://t.co/EGD6PkQluS
— Embassy of IR Iran Pakistan (@IraninIslamabad) November 9, 2026
ؕیوم اقبال کے موقع پر پاکستان میں قائم ایران کے سفارت خانے نے شہید رہبر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا علامہ محمد اقبال کے حوالے سے سابقہ بیان شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے علامہ اقبال کو مشرق کا درخشاں ستارا’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاشبہ اقبال مشرق کا روشن ستارہ ہیں اور انہیں اس لقب سے یاد کرنا بجا ہے۔
مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
علامہ اقبال کے 149ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تھے جنہوں نے مزار اقبال پر تعینات پاکستان رینجرز پنجاب اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اعزازی فرائض سے سبکدوش ہوگیا اور پاک بحریہ کے دستے نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
