اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش: نشیبی علاقے زیرآب، بجلی معطل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیر کی شام سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے، شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں اور وہ موسم کی رنگینی سے لطف اندوز بھی ہورہے ہیں۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جڑواں شہروں میں ہونے والی 200 ملی میٹر بارش کے بعد بجلی کی فراہمی کئی علاقوں میں گھنٹوں سے منقطع ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں گٹھنوں گٹھنوں تک پانی کھڑا ہوگیا ہے۔

جڑواں شہروں کے کئی علاقوں کے گھروں اوردکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔

اسلام آباد میں رات بھر جاری رہنے والی موسلا دھار بارش سے 53  فیڈرز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی سے جی ایٹ مرکز, آ فندی کالونی, آوڈھ کلیام، چا کرہ، کلر سیداں، صادق آباد، سٹلائیٹ ٹاؤن، کھنہ پل اور غوری ٹاون کے علاقے شدید متاثر ہیں۔

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے عملے کو مرمت کے کام میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں اب تک 202 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

شدید بارش سے بوہڑ بازاراور موتی بازار کے نالے بھی ابل پڑے  ہیں اور نتیجناً دکانداروں کی دوڑیں لگ گئی ہیں۔ دکانداروں کے مطابق بارش اور نالے کا پانی ان کی دکانوں میں داخل ہوگیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق  راولپنڈی کے علاقے جاوید کالونی، آریہ محلہ، بھوسہ گودام، ڈھوک رتہ، امرپورہ محلہ، راجہ سلطان، پھگواڑی، ڈھوک کالا خان، صادق آباد، ہزارہ کالونی اور شکریال کے رہائشی علاقوں میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا ہے۔

رات بھر جاری رہنے والی بارش سے راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ ہم نیوز کے مطابق ڈھوک کالا خان، صادق آباد، خرم کالونی، کری روڈ، کھنہ پل، راجہ بازار، چاہ سلطان، ہزارہ کالونی، ڈھوک الہی بخش اور اصغر مال روڈ پر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

کینٹ سرکل، اڈیالہ روڈ، گرجا روڈ، چوہڑ اور پیپل کالونی کے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے۔

راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث مری روڈ،وارث خان، کالج روڈ، فیض آباد، شمس آباد، سکستھ روڈ اور دیگر علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

شدید بارش کے سبب نالا لئی میں پانی کی سطح  13 فٹ ہوبلند ہوگئی ہے جب کہ  کٹاریاں میں نالہ لئی کی سطح 14 فٹ بلند ریکارڈ کی گئی ہے۔

ریسکیو حکام نے قرب وجوار میں رہائش پذیر مکینوں کو خبرادار کیا ہے کہ بچوں کو نالے کی طرف نہ جانے دیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والی سخت بارش کے سبب جڑواں شہروں میں آن لائن ٹیکسی سروس متاثر ہوئی ہے اور متعدد علاقوں کے لیے ان کے کپٹنز کی جانب سے معذرت کی گئی ہے۔

آن لائن ٹیکسی سروس کی عدم فراہمی کے باعث کئی ملازمین دفاتر نہیں پہنچ سکے اوردیگر ضروری امور کی انجام دہی میں بھی شہریوں کو سخت مشکلات کا سامانا ہے۔

بارش کے موسم میں ہرسال نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آتے ہیں اور شہریوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سوموار کی شب سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں