مشہور سائنس فکشن ٹی وی سیریز ’اسٹار ٹریک‘ میں خلائی جہاز کے نیویگیٹر پاول چیخوف کا کردار ادا کرکے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے معروف امریکی اداکار والٹر کینیگ 90 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
والٹر کینیگ 14 ستمبر 1936 کو پیدا ہوئے۔ ان کی پرورش نیویارک شہر میں ہوئی اور انہوں نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس سے تعلیم حاصل کی جس کے بعد اپنے پیشہ ورانہ اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ والٹر کینیگ کا انتقال لاس اینجلس میں واقع ان کے گھر پر ہوا جس کی تصدیق ان کے ٹیلنٹ ایجنٹ نے بھی کی۔
’اسٹار ٹریک‘ میں ان کے ساتھ اداکاری کرنے والے اور دیرینہ دوست جارج ٹیکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انستا گرام پر ان کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے لکھا کہ ان کا دل غم سے بوجھل ہے، ان کے ساتھی اداکار اور اینسائن پاول چیخوف والٹر کینیگ آج صبح انتقال کر گئے۔
View this post on Instagram
والٹر کینیگ کو ’اسٹار ٹریک‘ کے تخلیق کار جین روڈن بیری نے اس وقت منتخب کیا جب وہ خیالی خلائی جہاز انٹرپرائز کے عملے میں ایک روسی کردار شامل کرنا چاہتے تھے۔
کینیگ اس سے قبل ٹیلی ویژن پر صرف چند کردار ادا کرچکے تھے تاہم جین روڈن بیری نے انہیں روسی افسر پاول چیخوف کے کردار کے لیے منتخب کیا۔یہ کردار ایسے دور میں متعارف کرایا گیا جب امریکا اور سوویت یونین کے درمیان سرد جنگ عروج پر تھی، سیریز میں مختلف نسلوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک ساتھ کام کرتے اور ایک دوسرے کا خیال رکھتے دکھایا گیا تھا۔
والٹر کینیگ نے ایک مرتبہ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سیریز کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ مختلف نسلوں، عقائد اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ نہ صرف ساتھ رہ سکتے ہیں بلکہ ایک دوسرے سے گہری محبت بھی کرسکتے ہیں۔
’اسٹار ٹریک‘ کی اصل ٹی وی سیریز 1966 سے 1969 تک تین سیزنز پر مشتمل رہی، والٹر کینیگ نے اس سیریز کی 36 اقساط میں پاول چیخوف کا کردار ادا کیا۔بعد ازاں انہوں نے 1979 سے 1994 کے درمیان ریلیز ہونے والی 7 فلموں میں بھی یہی کردار نبھایا۔
کینیگ نے 2008 میں ’جاپلن گلوب‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں آڈیشن کے دوران ہی کردار ملنے کی اطلاع دے دی گئی تھی۔ان کے مطابق انہیں ابتدا میں ایسا لگا تھا کہ یہ کردار چند اقساط تک محدود رہے گا تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ ان کے کیریئر اور زندگی کو مکمل طور پر بدل دے گا۔
’اسٹار ٹریک‘ کی مقبولیت نے والٹر کینیگ کو دنیا بھر میں پہچان دلائی،تاہم اس شہرت کے ساتھ انہیں ایک مشکل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔سیریز کے دیگر اداکاروں کی طرح انہیں بھی ایک ہی کردار کے ساتھ پہچانے جانے کی وجہ سے دیگر اداکاری کے مواقع حاصل کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔
کینیگ نے 1998 میں ’سینٹ پیٹرزبرگ ٹائمز‘ کو بتایا تھا کہ 1970 کی دہائی کے بیشتر حصے میں انہیں کام نہیں ملا اور وہ اس کی وجہ اپنے کردار کے ساتھ حد سے زیادہ وابستہ ہوجانے کو سمجھتے تھے۔
والٹر کینیگ نے بعد ازاں 1990 کی دہائی کی سائنس فکشن سیریز ’بابل 5‘ میں بھی مستقل کردار ادا کیا۔وہ اداکاری کے علاوہ مصنف، اسکرپٹ رائٹر اور کبھی کبھار ہدایت کار کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔
انہوں نے 1965 میں جوڈی سے شادی کی، ان کے ایک بیٹے اینڈریو کینیگ اور ایک بیٹی ڈینیئل کینیگ تھیں۔والٹر کینیگ کو 2010 میں اس وقت شدید ذہنی صدمے کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے بیٹے اور اداکار اینڈریو کینیگ نے خودکشی کرلی۔


