رائیونڈ سے چنیوٹ جانے والی مسافر بس سیم نالے میں گر گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ پنڈی بھٹیاں میں کوٹ نکہ روڈ پر پیش آیا،بس میں 65 مسافر سوار تھے، تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اہل علاقہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق 5 افراد کا تعلق رائیونڈ کے علاقہ جیابگا سے ہے۔ بس میں موجود 65 مسافروں نے چنیوٹ عالمی ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔
پنجاب میں ٹریفک کے چند بڑے حادثات
21 اکتوبر کو انڈس ہائی وے پر بنگلہ ہدایت کے مقام پر مسافر بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثے میں 10 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 7 مرد، 2 خواتین اور ایک بچی شامل تھے۔
20 اکتوبر کو ملتان میں بوسن روڈ پر تیز رفتار ٹویوٹا کرولا ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد ایک پلاٹ کی دیوار سے جا ٹکرائی اور آگ لگ گئی۔ کار میں سوار پانچوں نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ تمام افراد شجاع آباد کے رہائشی تھے۔
15 اکتوبر کو گڑھی شاہو لاہور میں علامہ اقبال روڈ پر سگنل پر رکی کار کو تیز رفتار 22 وہیلر ٹریلر نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے میں 42 سالہ عاصم، ان کی 35 سالہ اہلیہ ہما اور 15 سالہ بیٹا طلحہ جاں بحق ہوئے۔
17 جنوری کو کوٹ مومن کے قریب گالاپور بنگلہ پل سے شدید دھند کے باعث ٹرک خشک نہر میں جا گرا۔ حادثے میں 6 بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے۔ ٹرک میں 23 افراد سوار تھے جو اسلام آباد سے فیصل آباد جا رہے تھے۔
