اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پارٹی مضبوط کرنے کے لیے ان کی اہلیہ بشریٰ عمران بھی مصروف عمل ہیں اور اسی سلسلے میں بشریٰ عمران کی قریبی دوستوں اور ان کی بیٹی نے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
پی ٹی آئی چیف کی اہلیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے نتیجے میں ان کی صاحبزادی مہرو حیات اور ان کی دوست معروف کاروباری شخصیت فرح خان نے پیر کے روز بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
بشریٰ عمران نے پی ٹی آئی میں اس نئے اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کرے گی، انہوں نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی کے لیے آگے آئیں، تحریک انصاف انہیں بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
اس سے قبل بھی کئی سیاسی رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ الیکشن کے بعد کئی آزاد امیدوار تحریک انصاف کا حصے بنے لیکن یہ پہلا موقع ہے جب بشریٰ عمران سے منسلک کسی شخصیت نے پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی ہے۔