اینی میشن کی دنیا کے معروف وائس آرٹسٹ ایرک باؤزا 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ بگز بنی، ڈیفی ڈک، پورکی پگ اور ٹوئیٹی سمیت متعدد مشہور اینی میٹڈ کرداروں کو اپنی آواز دینے کے لیے شہرت رکھتے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے دی گارڈین کے مطابق ایرک باؤزا کے اہلخانہ نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہائی بلڈ پریشر اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔
ایرک باؤزا نے وارنر برادرز اینی میشن کے ساتھ 15 سال تک کام کیا اور اپنے کیریئر میں 400 سے زائد اداکاری کے کریڈٹس حاصل کیے۔
وارنر برادرز کا خراج عقیدت
وارنر برادرز ٹیلی ویژن گروپ اور یو ایس نیٹ ورکس کی چیئرپرسن چاننگ ڈنجی نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرک باؤزا ایک منفرد آواز کے فنکار تھے، جنہوں نے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو خوشی اور مسکراہٹیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرک باؤزا نے میل بلینک جیسے عظیم فنکاروں کی روایت کو آگے بڑھایا اور لونی ٹیونز کی تاریخی وراثت کو جاری رکھنا اپنی زندگی کے بڑے اعزازات میں شمار کرتے تھے۔
ایرک باؤزا نے ’بگز بنی‘ اور ’ڈیفی ڈک‘ کے علاوہ پورکی پگ، ٹوئیٹی اور مارون دی مارٹین جیسے مقبول کرداروں کے لیے بھی آواز دی۔ وہ ’ووڈی ووڈ پیکر‘ سمیت دیگر اینی میٹڈ کرداروں کی آواز بننے کے باعث بھی نمایاں مقام رکھتے تھے۔
Eric Bauza has sadly passed away at the age of 46.
The modern voice of Bugs Bunny and Daffy Duck alongside many other beloved characters. https://t.co/2rs7WE0ANW
— DiscussingFilm (@DiscussingFilm) October 26, 2026
ایمی ایوارڈز حاصل کیے
ان کی فنی صلاحیتوں کو متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ ایرک باؤزا نے 2022 میں ’لونی ٹونز کارٹونز‘ میں بہترین وائس پرفارمنس پر بچوں اور فیملی ایمی ایوارڈ حاصل کیا۔ انہیں 2023 میں ’بگز بنی بلڈرز‘ اور 2025 میں ’ٹین ٹیٹینس گو‘ کے لیے بھی بچوں اور فیملی ایمی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
7 دسمبر 1979 کو پیدا ہونے والے ایرک باؤزا نے ٹیلی ویژن، فلموں، ویڈیو گیمز اور مختصر دورانیے کی اینی میشنز سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کے کیریئر کا اہم موڑ ’رین اینڈ اسٹمپی ایڈلٹ پارٹی کارٹون‘ میں اسٹمپّی کے کردار کے لیے آواز دینا تھا، جس کے بعد انہیں اینی میشن کی دنیا میں مزید مواقع ملے۔
ایرک باؤزا کے فنی سفر میں مجموعی طور پر 249 منصوبوں کے لیے 935 وائس رولز شامل تھے۔ ان کے نمایاں کاموں میں ’دی ایڈونچرز پس ان بوٹس‘ کے مرکزی کردار اور ’مپیٹ بیبیز‘ میں بے بی فوزی کی آواز بھی شامل ہے۔ ان کے انتقال سے اینی میشن کی دنیا ایک معروف اور باصلاحیت آواز سے محروم ہو گئی۔
فلم پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر کرسٹوفر ڈی فاریا نے کہا کہ ایرک باؤزا نے اینی میشن کی دنیا میں اپنی منفرد پہچان بنائی اور اس فن کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایرک باؤزا کے انتقال سے اینی میشن انڈسٹری ایک ایسے فنکار سے محروم ہوگئی جس نے کئی نسلوں کے ناظرین کو اپنی آواز کے ذریعے مشہور کارٹون کرداروں سے جوڑے رکھا۔


