اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم یا ایم این اے بننا مقصد نہیں ہم اتحاد و اتفاق سے معاملات طے کرنے کی کوشش کریں گے۔
اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے منتخب ارکان کو کارکردگی پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
پی ٹی آئی ارکان کو خبر دار کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کارکردگی نہیں دکھائی تو اے این پی جیسا حشر ہوگا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ برطانوی طرز پر ہر ہفتے ایک گھنٹہ سوالات کے جواب دوں گا وزرا کو بھی جواب دہ بناؤں گا۔
پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے منصب کے لیے نامزد کیے گئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں آپ سے اس کا تقاضا کبھی نہیں کروں گا جس پر خود عمل نہ کروں۔ آپ نے عوام کے پیسے کو امانت سمجھنا ہے۔
انتخابی نتائج کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی عوام نے خیبرپختونخوا میں دکھائی گئی کارکردگی کو سراہا ہے۔ کے پی میں اقتدار میں آئے تو 70 فیصد صنعتیں بند تھیں۔
اپنی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد پاکستان کا مستقبل بدل دے گی۔
قبل ازیں عمران خان تقریر کے لیے ڈائس پر آئے تو اجلاس میں موجود شرکا نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور ان کا استقبال کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 70 کے الیکشن میں قوم نے بااثر مالدار افراد کو مسترد کیا تھا اور 2018 کے انتخابات میں دو جماعتی نظام کو مسترد کیا ہے۔