امریکی ریاست اوریگن کے شہر بینڈ میں ایک ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 بچوں اور ایک استاد سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
بینڈ پولیس چیف مائیک کرانٹز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا جہاں حملہ آور بند دروازوں پر فائرنگ کرکے اسکول میں داخل ہوگیا۔
BREAKING: The youngest victim of the deadly Oregon elementary school shooting was just 5 years old.
Bend Police Chief Mike Krantz confirmed during a press conference that the three children killed in the attack were ages 5, 8 and 11. A teacher was also killed.
A 7-year-old child and a 54-year-old teacher were hospitalized with critical injuries.
Get the latest information about the tragic shooting at Silver Rail Elementary School on the Fox News app: https://t.co/ISpW9Fc0R3
— Fox News (@FoxNews) October 16, 2026
پولیس چیف کے مطابق واقعے میں 5، 8 اور 11 سال کے 3 بچے اور ایک استاد ہلاک ہوئے جبکہ 7 سالہ طالب علم اور 54 سالہ استاد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس چیف مائیک کرانٹز نے بتایا کہ کمیونٹی کے ایک مسلح رکن نے حملہ آور کو اسکول میں داخل ہوتے دیکھا اور اس کا تعاقب کیا۔ بعد ازاں اسی شخص نے مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور کے مزید عزائم ناکام بنا دیے۔
اوریگن کی گورنر ٹینا کوٹیک نے اس شخص کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی بروقت مداخلت نے مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں مدد دی۔
As we learn more about the tragic event at Silver Rail Elementary in Bend today, we must come together and support each other, neighbor to neighbor, Oregonian to Oregonian. No community should have to live through this day.
— Governor Tina Kotek (@GovTinaKotek) October 15, 2026
گورنر ٹینا کوٹیک کا کہنا تھا کہ کسی بھی کمیونٹی کے لیے اس طرح کے سانحے سے گزرنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور زخمی ہونے والوں کے دکھ میں شریک ہوکر ان سے اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔
پولیس چیف کے مطابق ایمرجنسی سروسز کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 59 منٹ پر ایک گاڑی میں موجود شخص نے اطلاع دی کہ ایک شخص اس پر فائرنگ کر رہا ہے۔ اس کے چند منٹ بعد پولیس کو متعدد کالز موصول ہوئیں کہ حملہ آور اسکول میں داخل ہوگیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر اسکول انتظامیہ کو عمارت میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی ہدایت کی۔
پولیس چیف نے بتایا کہ اہلکار دوپہر ایک بج کر 2 منٹ پر جائے وقوع پر پہنچے اور کچھ ہی دیر بعد ایک افسر نے اطلاع دی کہ مشتبہ حملہ آور کو گولی لگی ہے۔ پولیس اہلکاروں نے اسکول میں داخل ہوکر تصدیق کی کہ حملہ آور ہلاک ہوچکا ہے۔
مائیک کرانٹز کے مطابق واقعے کی تحقیقات طویل ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینڈ پولیس کے تمام اہلکاروں نے اگست میں مسلح حملہ آور سے نمٹنے کی تربیت حاصل کی تھی۔
حکام کے مطابق سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں کنڈرگارٹن سے پانچویں جماعت تک تعلیم دی جاتی ہے جہاں تقریباً 5 سے 11 سال کی عمر کے 450 طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ عملے کی تعداد تقریباً 40 ہے۔
بینڈ شہر وسطی اوریگن کے دیہی علاقے میں واقع ہے جہاں کی آبادی تقریباً ایک لاکھ ہے۔ یہ شہر ریاست کے سب سے بڑے شہر پورٹ لینڈ سے تقریباً 280 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
فائرنگ کے واقعے پر اسلحے کے کنٹرول کی حامی اور سابق امریکی رکن کانگریس گیبریل گفورڈز نے افسوس کا اظہار کیا۔ وہ 2011 میں خود بھی فائرنگ کے ایک بڑے واقعے میں زخمی ہوئی تھیں۔
گیبریل گفورڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں ایسے واقعات کو معمول نہیں بننا چاہیے اور ہر سطح پر قیادت کو آگے بڑھ کر اقدامات کرنا ہوں گے۔
امریکا کے تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے بڑے واقعات
امریکا میں تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات نے ایک بار پھر اسلحے کے قوانین پر بحث کو جنم دیا ہے۔ ماضی میں کولمبائن ہائی اسکول میں 1999، سینڈی ہُک ایلیمنٹری اسکول میں 2012، مارجری اسٹون مین ڈگلس ہائی اسکول میں 2018 اور ٹیکساس کے شہر اوولڈی میں روب ایلیمنٹری اسکول میں 2022 کے حملے نمایاں واقعات میں شامل رہے ہیں۔
