چلاس: حالات قابو میں ہیں، فورس کمانڈر گلگت بلتستان


گلگت: فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل ثاقب محمود ملک اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس گلگت بلتستان ثنا اللہ عباسی نے چلاس کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق فورس کمانڈر کو داریل اور تانگیر میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، فورس کمانڈر نے آپریشن میں کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے کہا کہ علاقے کے حالات مکمل قابو میں ہیں اور جلد دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جائے گا، مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج عوام کے ساتھ  ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ  ہیں جس پر ہمیں بے انتہا خوشی ہے اور اب اس علاقے میں محافظوں اور عوام کا جب تک اتحاد ہے  کوئی شرپسند سر نہیں اٹھا سکتا۔

میجر جنرل ثاقب محمود نے کہا کہ شہید سپاہی عارف حسین نڈر اور بہادر سپاہی تھا جس نے دشمن سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات ثاقب محمود ملک نے شہید سپاہی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔


متعلقہ خبریں