نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کر دیا۔
مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آ گئی، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں بھی مزید اضافہ کر دیا گیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ اگست کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ جس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہو گا۔
اعلامیہ کے مطابق اضافی رقم ملک بھر کے بجلی صارفین سے اکتوبر کے ماہانہ بجلی بلوں کے ذریعے وصول کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر مجموعی طور پر 19 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق لائف لائن صارفین کو ایک روپے 11 پیسے فی یونٹ اضافے سے مکمل طور پر مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، لہٰذا ان صارفین پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہو گا۔
بجلی کا بحران، لوڈشیڈنگ میں اضافہ
ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث شہروں اور دیہاتوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی مارکیٹ کے واحد ڈسپیچر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ذرائع کے مطابق مجموعی شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا۔
رپورٹ کے مطابق متعدد پاور پلانٹس سسٹم سے نکل گئے اور ہائیڈل پیدوار میں بھی کمی ہوئی ہے، لیسکو میں طلب 4 ہزار اور رسد 3 ہزار میگاواٹ پر آگئی، شارٹ فال بڑھنے سے شہروں اور دیہاتوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی۔


