نائیجیریا میں مسافر اور عملے سمیت 32 افراد کو لے جانے والا فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوکر گر کر تباہ ہوگیا۔
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق نائیجیریا کے وزیر ہوا بازی فیسٹس کیامو کا کہنا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹر میں 25 مسافر اور 7 رکنی عملہ سوار تھا، حادثہ ملک کے جنوب مغربی علاقے میں پیش آیا۔
وزیر ہوا بازی کے مطابق ہیلی کاپٹر اوندو ریاست کے شہر اگبوکوڈا میں نیول بیس کے قریب گر کر تباہ ہوا، حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کرلیا گیا ہے جبکہ متاثرہ مقام پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
فیسٹس کیامو کا کہنا ہے کہ حادثے میں جانی نقصان کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات کے بارے میں بھی فوری طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
متعلقہ اداروں کی ٹیمیں حادثے کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو کارروائی مکمل ہونے کے بعد حادثے میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ہیلی کاپٹر کے ملبے کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ریسکیو ٹیمیں متاثرہ مقام پر کارروائی کررہی ہیں۔
نائیجیریا کے حکام نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ فوجی ہیلی کاپٹر کہاں سے روانہ ہوا تھا اور اس کی منزل کیا تھی۔ حادثے سے متعلق مزید تفصیلات سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں پیش رفت کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔



