بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجگور کے علاقوں اپھان کوہ اور پروم میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کا علاقے میں موجود دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جو آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، معاون خصوصی بلوچستان
دریں اثنا بلوچستان حکومت کے معاون خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ پنجگور میں آپریشن ردالفتنہ کے تحت سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں، جس میں 4 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، امن و استحکام کے قیام کیلئے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 افسران سمیت 6 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق کا تعلق ضلع گوجرانوالہ جبکہ 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق ضلع چکوال سے تھا۔ دونوں شہید افسران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔
دہشتگردی کے خاتمے کیلیے سکیورٹی فورسز کا عزم برقرار ہے، آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم برقرار ہے۔



