کراچی کے علاقے گڈاپ میں ملازمت اور ایونٹ میں شرکت پر معاوضے کا جھانسہ دے کر 59 لڑکیوں کو فارم ہاؤس بلایا گیا جہاں ملزمان ان کے موبائل فون لے کر فرار ہو گئے، پولیس نے خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق لڑکیوں کو بحریہ ٹاؤن میں ایک 25 روزہ ایونٹ کے نام پر انٹرویو اور ملازمت کا جھانسہ دے کر فارم ہاؤس بلایا گیا تھا۔ واقعے میں مبینہ طور پر ساحل سلمان نامی شخص 59 لڑکیوں کے موبائل فون لے کر فرار ہوگیا۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ لڑکیوں میں سے ایک نے پولیس کو بتایا کہ اسے ایک ایونٹ میں شرکت کے لیے رابطہ کیا گیا تھا اور بتایا گیا کہ اس میں بڑے بلڈرز شرکت کریں گے۔ اسے ایونٹ میں شرکت کے عوض فی دن 2 ہزار روپے دینے اور شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک پروگرام جاری رہنے سے متعلق بھی بتایا گیا۔
کراچی فارم ہاؤس واقعہ
🚨 کراچی کے ایک فارم ہاؤس میں مبینہ طور پر جاب ٹریننگ کے لیے آنے والی تقریباً 150 لڑکیوں سے موبائل فون جمع کروا کر فرار ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
متاثرہ لڑکیوں کے مطابق آرگنائزر سلمان نے ویڈیو بنانے سے منع کرتے ہوئے سب کے موبائل فون جمع کروائے اور بعد ازاں… pic.twitter.com/5k8ReHH7oI— ali asghar bhatti (@asgharbic) September 30, 2026
ایف آئی آر کے مطابق بعد ازاں ساحل سلمان نامی شخص نے رابطہ کرکے اسے بتایا کہ وہ سلیکٹ ہوگئی ہیں اور انہیں ایک گروپ میں شامل کردیا گیا۔ اس کے بعد انہیں دیگر لڑکیوں کے ہمراہ گزشتہ روز ایک بس کے ذریعے گڈاپ کے علاقے میں واقع فارم ہاؤس لے جایا گیا ۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق فارم ہاؤس پہنچنے پر وہاں موجود کوآرڈینیٹرز نے تمام لڑکیوں سے ان کے موبائل فون جمع کرلیے۔ وہ تمام موبائل فون پر چٹ لگاتے گئے اور ہم سب لڑکیوں کو ایک لائن میں بٹھاتے گئے اور کچھ لڑکیوں سے ان کے پرس اور اصل شناختی کار بھی لے لیے۔
ایف آئی آر کے مطابق اس کے فوراً بعد ایک کوآرڈینیٹر چیختی چلاتی ہوئی آئی اور کہا کہ ساحل سلمان ہم سب کے مو بائل فون بیگ میں ڈال کر چوری کر کے موٹر سائیکل پر بیٹھ کر بھاگ گیا ہے۔
واقعے کے بعد لڑکیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق فارم ہاؤس بک کرانے والے وقاص اور ایک کوآرڈینیٹر لڑکی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ مبینہ طور پر موبائل فونز لے کر فرار ہونے والے ساحل سلمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
ایف آئی آر میں ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 34، 379 اور 420 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے دیگر پہلوؤں اور ملزمان کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔
